تازہ ترین
outline

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: 42 رنز کی سبقت ختم کرنے کے بعد فخر آؤٹ،امام الحق کی نصف سنچری

سنچورین میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستان کے 181 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 223 رنز بنا کر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی جس کے بعد سے پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔

اس وقت کریز پر امام الحق اور شان مسعود موجود ہیں جبکہ اب سے کچھ دیر پہلے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنا لیے ہیں۔

امام الحق نے دوسری اننگز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری سکور کر لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو اولیوئر کی گیند پر جارحانہ شاٹ کھیلتے ہوئے 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اور رباڈا نے بولنگ کا آغاز کیا اور سٹین کی گیند پر امام الحق کا ایک کیچ بھی ڈراپ ہوا۔

اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ نے 223 رنز بنائے جس میں خاص بات باووما کی نصف سنچری اور ڈی کاک کے 45 رنز شامل ہیں۔ آخری وکٹ گرنے کے بعد کھیل میں کھانے کا وقفہ لے لیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی اور ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے محمد عامر نے چار چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیسرے فاسٹ بولر حسن علی کو دو وکٹیں ملیں۔

دوسرے دن کا جب کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کی جانب سے باووما اور سٹین نے پراعتماد آغاز کیا اور سکور 146 تک لے گئے جب محمد عامر نے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی اور سٹین کو 23 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

ڈی کاک اور باووما نے 24 رنز کی شراکت جوڑی اور پاکستان کے پہلی اننگز کے سکور کے قریب پہنچ رہے تھے جب شاہین آفریدی نے باووما کی اننگز 53 رنز پر ختم کر دی۔

ڈی کاک کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن اس کے فوراً بعد حسن علی کی گیند پر مہاراج چار رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے لی گئی اپیل کو امپائر نے مسترد کر دیا تھا لیکن ریویو پر نتیجہ پاکستان کے حق میں آیا۔

اس کے بعد فاسٹ بولر رباڈا نے ڈی کاک کے ساتھ مل کر برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور نویں وکٹ کے لیے صرف چھ اوورز میں 31 رنز کی شراکت جوڑی اور پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن پھر آفریدی کی گیند رباڈا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈی کاک تھے جنھیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*