outline
shirish kundar

یوگی کو “غنڈہ“ کہنے پر بھارتی فلمساز کے خلاف مقدمہ

اترپردیش(نیوزڈیسک) انڈیا کی ریاست اترپردیش میں وزیراعلی یوگي آدتیہ ناتھ پر مبینہ طور پر نا مناسب تبصرہ کرنے کے الزام میں بالی وڈ کے فلمساز شريش كندر کے خلاف لکھنؤ کے حضرت گنج تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شریش کندر نے ‘جوکر’ اور ‘تیس مار خان’ جیسی فلموں سے شہرت حاصل کی تھی، وہ کوریگرافر اور فلم ہدایت کار فرح خان کے شوہر ہیں۔
حضرت گنج علاقے کے پولیس سربراہ اونیش کمار مشرا نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹویٹر پر نامناسب تبصرہ کرنے کے تعلق سے امت کمار تیواری نامی ایک شخص نے شکایت درج کروائی تھی۔ اسی کے پیش نظر شریش کندر کے خلاف آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شریش کندر نے اپنی ایک ٹویٹ میں بی جے پی کے ریاست اتر پردیش میں وزیر اعلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان کے ماضی کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔
شریش کندر نے اپنی ٹویٹ میں یوگی کو “غنڈہ “ کہا تھا-
ایک دوسری ٹویٹ میں انھوں نے کہا تھا: ‘اگر انھیں چیف منسٹر بنایا جا سکتا ہے تو داؤد ابراہیم کو سی بی آئی (مرکزی تفتیشی بیورو) کا ڈائریکٹر اور وجے مالیہ کو آر بی آئی کا گورنر بنایا جا سکتا ہے۔’
شريش كندر کے ان تبصروں کے حوالے سے سوشل میڈیا میں تلخ بحث ہوئی اور ان پر کئی حلقوں کی جانب سے سخت تنقید بھی ہوئی۔
جب معاملہ زیاد طول پکڑنے لگا تو کندر نے یہ کہتے ہوئے معذرت کی کہ وہ اپنی ٹویٹ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں چاہتے تھے۔
گذشتہ ایک ہفتے کے دوران یوگي پر تبصرہ کرنے کے جرم میں مختلف تھانوں میں اب تک تین مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے سخت گیر ہندو نظریات کے حامل رہنما یوگی آدتیہ ناتھ کو گذشتہ ہفتے ہی ریاست اترپردیش کا وزیر اعلی مقرر کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*