تازہ ترین
outline

ملائیکا اروڑا نے ارباز سے طلاق لیکر خود سے 11 سال چھوٹے اداکار سے تعلقات کیوں استوار کیئے؟

دبنگ خان یعنی سلمان خان کی سابقہ بھابھی ملائیکا اروڑا نے اپنے سابقہ شوہر ارباز خان سے طلاق لینے کے بعد پہلی بار اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے ارباز خان سے طلاق کیوں لی اور اب ان کی زندگی میں کون ہے ؟

بالی وڈ اسٹار 44 سالہ ملائیکا اروڑا اور 51 سالہ ارباز خان کے درمیان مئی 2017 میں طلاق ہوگئی تھی، انہوں نے 19 سال ازدواجی حیثیت میں ایک ساتھ گزارے۔

دونوں نے 1998 میں شادی کی تھی، انہیں ایک 14 سالہ بیٹا بھی ہے، دونوں نے 2016 میں علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد گزشتہ برس مئی میں دونوں کے درمیان باقاعدہ طلاق ہوگئی۔

طلاق کے بعد بھی انہیں اپنے بیٹے کے ساتھ متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا اور یہ خبریں آتی رہیں کہ وہ طلاق ہوجانے کےباوجود بہترین دوست ہیں۔

طلاق کو ڈیڑھ سال گزر جانے کے باوجود دونوں نے اس حوالے سے کبھی بھی کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی طلاق کے اسباب کو بیان کیا ہے

لیکن اب پہلی بار ملائیکا اروڑا نے اس پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا کہ طلاق سے کچھ دن قبل تک وہ کیا سوچتی تھیں اور طلاق ہوجانے کے چند دن بعد ان کے خیالات کیا تھے۔

ووگ انڈیا کے فیشن ڈائریکٹر اور فیشن ڈیزائنر انیتا شروف کے چیٹ شو ‘فیٹ اپ ود اسٹارز’ میں بات کرتے ہوئے ملائیکا اروڑا نے بتایا کہ طلاق کے ڈیڑھ سال بعد اب وہ ماضی کے مقابلے زیادہ خوش ہیں۔

ملائیکا اروڑا نے اپنی شادی شدہ زندگی کے مسائل کو سر عام بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ ماضی سے زیادہ خوش ہیں۔

اگرچہ انہوں نے پروگرام میں ارباز خان سے طلاق کے اسباب نہیں بتائے، تاہم انہوں نے بتایا کہ طلاق لینے سے چند دن قبل تک انہیں پریشانی تھی کہ اب آگے کیا ہوگا اور زندگی کیسے گزرے گی، تاہم اب وہ خود کو پہلے سے زیادہ خوش محسوس کرتی ہیں۔

ملائیکا اروڑا نے ارباز خان سے طلاق کے بعد خوش رہنے کی بات ایک ایسے موقع پر کی ہے جب کہ گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے خود سے 11 سال چھوٹے اداکار ارجن کپور سے تعلقات استوار کرلیے ہیں۔

گزشتہ ماہ اگست میں لیکمے فیشن ویک میں 33 سالہ ارجن کپور اور 44 سالہ ملائیکا اروڑا کو ایک ساتھ دیکھنے کے بعد یہ خبریں گردش کرتی رہی کہ دونوں اداکاروں نے جلد ہی ایک ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

علاوہ ازیں ملائیکا اروڑا کے سابق شوہر 51 سالہ اداکار ارباز خان کو بھی اٹلی کی 29 سالہ ماڈل جورجیا ایںڈریانی کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔

ارباز خان اور اٹلی کی ماڈل کے حوالے سے بھی یہ خبریں گردش میں ہیں کہ جلد ہی وہ اپنے تعلقات کے حوالے سے اہم بیان دیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ طلاق کے بعد جہاں ملائیکا اروڑا نے خود سے 11 سال چھوٹے اداکار سے تعلقات استوار کیے ہیں، وہیں ارباز خان نے بھی خود سے 21 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات بنائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*