تازہ ترین
outline

شارجہ گرائونڈ:آخری بال پر چھکا ،سرفراز نے میانداد کی یاد تازہ کردی،قلندرز کو گلیڈیٹرز کے ہاتھوں شکست

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں شارجہ گرائونڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوران آخری گیند پر چھکا لگا کر نہ صرف اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈیٹرز کو کامیابی دلائی بلکہ جاوید میانداز کے تاریخی چھکے کی یاد بھی تازہ کر دی

شارجہ میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 144 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیئے آخری بال پر دو رنز درکار تھے تو کپتان سرفراز احمد نے چھکا لگا کر نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ اپنی ٹیم کو بھی تین وکٹوں سے کامیابی دلائی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر لاہور قلندرز سات وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے

قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں فخر زمان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سلمان بٹ پی ایس ایل میں اپنے دوسرے میچ میں بھی نہ چل سکے اور 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل اختر تھے جو 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔21 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر نمایاں بولر رہے۔ سہیل تنویر نے دو جبکہ محمد نواز اور انور علی دونوں نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

لاہور کی جانب سے کپتان اے بی ڈویلیئرز 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ سہیل اختر نے 29 اور ویس نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور شین واٹسن بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جنہیں راحت علی نے آؤٹ کیا۔

26 کے مجموعی سکور پر ریلی روسو بھی 17 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ عمر اکمل سکور میں صرف نو رنز کا اضافہ کر کے حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

احسن علی نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ بھی 77 کے مجموعی سکور پر سندیپ لمیچن کا شکار ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں صرف دو رنز بنا کر ڈوین سمتھ فخر زمان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

محمد نواز 19 اور انور علی صرف ایک رن بنا پائے۔ تاہم اس دوران وکٹ کی دوسری جانب موجود کپتان سرفراز احمد لگاتار رنز میں اضافہ کرتے رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے 25 رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ راحت علی، یاسر شاہ، سندیپ لمیچن اور وائز نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چوتھی لگاتار کامیابی تھی اور اب یہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*