تازہ ترین
outline

اسلام آباد یونائیٹد نے کراچی کنگز کو شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے دھکیل دیا

اسلام آ باد یونائیٹد نے کراچی کنگز کو شکست دیکر اس کے “پر“کاٹ دیئے ہیں اور یہ میچ ہارنے کے بعد کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے چلی گئی ہے

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے تیرہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا ہے

شارجہ میں ہفتہ کے دن کھیلے گئے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے 143 رنز کا ہدف دیا تھا جو اسلام آباد نے اپنے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا

کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا جو کہ مایوس کن رہا اور ابتداء میں ہی کراچی کو نقصان اٹھانا پڑا، 74 کے مجموعی اسکور پر 6 کھلاڑی لوٹ گئے۔

بین ڈنک اور عامر یامین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو ٹرپل فگر میں پہنچایا اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ پر 69 رنز کی شراکت داری ہوئی۔

کراچی کنگز کے بلے بازوں نے سست روی کا مظاہرہ کیا اور پہلے 15 اوورز میں کنگز نے تقریباً پانچ رنز فی اوور کی اوسط سے 80 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے 26 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد موسیٰ اور رومان رئیس نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

کنگز کی جانب سے بین ڈنک 49 اور عامر یامین 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ بابر اعظم 27 رنز بناسکے۔

اسلام آباد یونائیٹد نے 144 رنز کے تعاقب میں بلے بازی شروع کی تو آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور ڈیلپورٹ بغیر کوئی اسکور بنائے آئوٹ ہو گئے

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کے اوپنر لیوک رونکی کی جانب سے شاندار بلے بازی دیکھنے میں آئی۔ رونکی نے 35 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ مین آف دی میچ ایوارڈ بھی رونکی کے نام رہا۔

سمتھ پٹیل نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 45 رنز بنائے وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد اسلام آبادیونائیٹد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم سب سے آخری نمبر پر چلی گئی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*