outline
hanif abbasi

ایفی ڈرین کیس ،دیگر تمام ملزم بری ،حنیف عباسی کو عمر قید ،شیخ رشید کے لیے میدان خالی ہو گیا

راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کیس میں نامزد دیگر تمام ملزموں کو شک کی بنیاد پر بری کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنادی ہے جس سے وہ الیکشن لڑنے کے حق سے بھی محروم ہو گئے ہیں اور ان کے روائتی حریف شیخ رشید کی جیت یقینی ہو گئی ہے

راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت کے جج سردار اکرم خان کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ 363 کلو گرام ایفیڈرین کا درست استعمال کیا گیا جبکہ ملزم حنیف عباسی باقی ایفیڈرین کے استعمال کا ثبوت نہ دے سکے۔

عدالت نے ایفیڈرین کیس کے باقی7 ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔عدالت نے دوپہر سوا بارہ بجے سے فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے رات گیارہ بجے سنایا گیا۔

انسداد منشیات فورس کے اہلکار حنیف عباسی کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے جبکہ ان کے ہمراہ رینجرز کے اہلکار بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ حنیف عباسی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے اور اس حلقے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

حنیف عباسی سزا کے بعد الیکشن کے لیے بھی نااہل ہوگئے ہیں جس کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کسی آزاد امیدوار کو شیر کا نشان الاٹ کرنے کی درخواست دے سکتی ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق درخواست ملنے کے بعدالیکشن کمیشن شیر کا نشان الاٹ کرنے پر غور کرے گا اور درخواست کے بعد نئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا خرچہ درخواست گزار سے لیا جائے گا۔

انسداد منشیات عدالت کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ’تازہ فیصلہ آیا ہے کہ ایک اور ن لیگی اڈیالہ جیل جارہا ہے‘۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ’انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آیا، فیصلے سے الیکشن متنازع اور مشکوک ہوگئے ہیں، اس فیصلے کے حقائق جلد سامنے آئیں گے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*