
ماڈل ایمان علی کی میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے سے شادی
پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو ماڈل ایمان علی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں اور اہم بات یہ ہے کہ ان کی شادی نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے سے ہوئی ہے
اداکار عابد علی کی صاحبزادی ایمان علی کی شادی کا آغاز لاہور میں رسم حنا سے ہوا جس میں سب سے پہلے دونوں کا نکاح پڑھایا گیا،ان کی شادی کا حق مہر ’25لاکھ‘ روپےمقر ر کیا گیا اور شادی کی تمام تقریبات دھوم دھام سے کی گئ ہیں۔
ماڈل ایمان علی کا نکاح میجر عزیز بھٹی شہید کے پوتے یعنی سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بھتیجے کے بیٹے بابر بھٹی سے ہوا ہے اور دونوں کے نکاح کے دوران “قبول ہے“ کہنے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں
خیال رہے کہ ایمان علی نے ڈان کو دیے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی ملاقات بابر بھٹی سے ڈیڑھ سال قبل کراچی میں ہوئی تھی، جس کے بعد ہی انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
تقریب کے دوران ایمان علی اپنے والدین کے ساتھ بھی نظر آئیں جبکہ انہوں نے بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے گانے ’دیوانی مستانی‘ پر رقص بھی کیا۔
نکاح کے بعد ڈھولکی منعقد کی گئی، جس میں شوبز کے بیشتر ستاروں نے رقص کیا۔
انسٹاگرام پر اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر وں میں فرحان سعید، عروا حسین، علی ظفر،عمیر جیسوال اورحسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ایمان علی نے اپنے کیرئیر کا آغاز با حیثیت ماڈل کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں بھی اپنے قدم جمائے اور کئ مشہور فلموں ’خدا کے لیے‘،’بول‘اور ’ماہِ میر‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔