تازہ ترین
outline

کوسٹل ہائی وے پر سکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ ،کھرا ایران کی طرف نکلتا ہے،شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ کوسٹل ہائی وے پر اوڑمارہ کے قریب سکیورٹی اہلکاروں کو بسوں سے اتار کر نشانہ بنانے کی واردات کا کھرا ایران کی طرف نکلتا ہے اور اس پر ایرانی سفارتخانے سے احتجاج کیا گیا ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مصدقہ اطلاع ہے کہ اس واقعے میں ملوث دہشتگرد ایرانی علاقے میں ہیں اور بلوچ گروہ کو ایران کی سرزمین سے مدد فراہم کی گئی

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان بغیر اطلاع کے الزامات لگانے کی بھارتی روایت نہیں دہرانا چاہتا تھا، اسی لیے مصدقہ اطلاعت کے بعد ہی پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کا سوچا تھا اور اب ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ یہ واقعہ بلوچ دہشت گرد تنظیموں کی کارروائی ہے اور اس نئے الائنس بی آر اے کے تربیتی اور لاجسٹکل کیمپ ایران کی سرحد کے اندر ہیں اور تحقیق و تصدیق کے بعد قابل عمل معلومات ایرانی حکام کے حوالے کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کیمپوں کے مقامات کی نشاندہی کردی ہے اور بتا دیا ہے کہ ان عناصر کے کیمپ کہاں کہاں موجود ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ایران، پاکستان کے ساتھ ہمسائے اور برادرانہ تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے واقعے پر ایرانی وزیر خارجہ سے تفصیلی بات کی ہے اور انہیں پاکستانی قوم کےغم وغصے سےآگاہ کیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے واقعے کی تحقیقات اور کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*