outline

ٹیسٹ سیریز کے برعکس ون ڈے میں اچھا آغاز ،پاکستان نے جنوبی افریقا کو5 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد ون ڈے سیریز کے آغاز پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پہلے ون ڈے میچ میں حریف ٹیم کو5 وکٹوں سے شکست دیدی ہے

جنوبی افریقہ کے شہر پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 267 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا

پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا- یہ شراکت تب ٹوٹی جب شاداب خان نے 45 رنز بنانے والے ہینڈرکس کو آوؐٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی۔

ہینڈرکس کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ اور وین ڈر ڈوسن نے پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 155 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

دوسری وکٹ تب گری جب اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ڈوسن 93 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دوسری وکٹ گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز ہاشم نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے کیرئیر میں اپنی 27 ویں سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے

یوں جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں پر 266 رنز بنائے۔

266 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان کے بعد بابر اعظم وکٹ پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور میں 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ بابر اعظم 49 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

امام الحق بھی 86 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد اولیوئیر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل تھے۔

قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 12 رنز بنا کر پھیلوکوایو کی گیند پر بولڈ ہو گئے تو میچ جیتنے کی امیدیں دم توڑنے لگیں

اس موقع پر کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرنے آئے تو ٹیم کو پہلا میچ جیتنے کے لیئے 49 رنز درکار تھے- سرفراز کو ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنی چایئے تھی مگر تب حیرت کی انتہا نہ رہی جب سرفراز بھی دھوکا دے گیا-قومی ٹیم کے کپتان صرف ایک رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تو یہ میچ ہاتھ سے نکلتا دکھائی دیا

اس موقع پر شاداب خان اور محمد حفیظ نے ٹیم کو سہارا دیا اور جیت کی جانب پیشقدمی کی تو 267 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا گیا

محمد حفیظ 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شاداب خان نے بھی 18 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے اور سیریز کا دوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*