outline

وزیراعظم عمران خان نے عارف علوی کو صدر پاکستان نامزد کردیا

نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان نامزد کردیا ہے

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر پاکستان نامزد کردیا ہے۔

موجودہ صدر کی مدت 4 ستمبر کو پوری ہورہی ہے اور صدر کے الیکشن میں وزیراعظم عمران خان نے عارف علوی کی نامزدگی کی منظوری دی ہے۔

عارف علوی پیشے کے لحاظ سے ایک ڈینٹسٹ اور ایشیاء پیسیفک ڈینٹل فیڈریشن اور پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔

وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں، انہوں نے پہلی بار 1997 میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 114کراچی سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر عام انتخابات میں حصہ لیا لیکن انہیں کامیابی نہ ملی۔

پرویز مشرف کے دور اقتدار میں 2002 کے عام انتخابات میں بھی انہوں نے پی ایس 90 کراچی ٹو سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر دوبارہ انتخابات میں حصہ لیا لیکن اس مرتبہ بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا

عارف علوی عام انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ٹکٹ پر کراچی کے حلقہ این اے 247 سے کامیاب ہوئے، انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم ایم اے کے محمد حسین محنتی کو شکست دی۔

عارف علوی 2006ء تا 2013ء تک پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بھی رہے، 2016ء میں انہیں پی ٹی آئی سندھ کا صدر مقرر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*