تازہ ترین
outline

کوئٹہ گلیڈیٹرز پی ایس ایل فائنل میں ،پشاور زلمی کے لیئے کھیل ابھی باقی ہے

شین واٹسن کی شاندار کارکردگی کے باعث کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ٹیم تیسری بار پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے مگر ہارنے والی ٹیم پشاور زلمی کے لیئے ابھی کھیل ختم نہیں ہوا کیونکہ چانس ابھی باقی ہے

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل سیزن فور کے پلے آف مرحلے کے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈیٹرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی

پشاور زلمی کو آخری اوور میں جیتنے کے لیئے 21 رنز درکار تھے ،اس سے قبل 19ویں اوور میں ڈوائن براوو کو14 رنز پڑچکے تھے ،کریز پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کیئرون پولارڈ جارحانہ انداز میں کھیل رہے تھے اور سب سے اہم بات یہ کہ گلیڈیٹرز کے تمام اہم بائولرز کے اوور ختم ہو چکے تھے ان حالات میں یوں لگ رہا تھا جیسے یہ میچ پشاور زلمی کے حق میں جا چکا ہے

مگر شین واٹسن نے چیلنج قبول کیا اور آخری اوور کروانے کا فیصلہ کیا اور ایک سال بعد گیند کروانے کے باوجود اپنی ٹیم کے اسکور کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے

شین واٹسن کی پہلی گیند پر ڈیرن سیمی نے سنگل لیا اور اس کے بعد پولارڈ نے چھکا جڑ دیا مگر اگلی ہی بال پر پولارڈ کلین بولڈ ہو گئے اور پھر ڈیرن سیمی رن آئوٹ ہوگئے یوں میچ کا پانسہ پلٹ گیا

قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر سرفراز الیون کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈیٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 187 رنز کا ہدف دیا- اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد ایک رن بناکر ملز کی گیند پر بولڈ ہوگئے

واٹسن اور احسن علی نے 111 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 114 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن 71 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔

زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، ثمین گل اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی نے 187 رنز کے کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کامران اکمل اور امام الحق بیٹنگ کرنے آئے-پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری اور کامران اکمل 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے

مستحکم آغاز کے باوجود 90 کے مجموعی اسکور پر زلمی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی تاہم پولارڈ اور کپتان سیمی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 83 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔ ڈیرن سیمی 46، پولارڈ 44 اور امام الحق 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کوئٹہ کے محمد حسنین نے 2، روسو، احسن علی، واٹسن اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوران بیٹنگ 71 رنز بنانے اور آخری اوور میں سکور کا دفاع کرنے پر شین واٹسن کو مین آف دا میچ کا اعزاز ملا۔

گلیڈیٹرز تو فائنل میں پہنچ چکی ہے مگر اب پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کل ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*