تازہ ترین
outline

لاہور قلندرز جاگ گئے ،سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کو سپر اوور میں شکست دیدی

پی ایس ایل تھری جوں جوں اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے لاہور قلندرز میں دم خم آتا جا رہا ہے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھی یہی کیفیت دیکھنے کو ملی جب لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو سپر اوور میں شکست دیدی

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں لاہور نے بھی 163 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہوگیا جس کے بعد اس کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

کراچی کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کروایا جس کی پہلی گیند پر فخر زمان رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد قوانین کے مطابق لاہور کی صرف ایک ہی وکٹ بچی تھی۔

تاہم برینڈن میکلم نے اوور کی پانچویں گیند پر چوکا لگادیا جس کے نتیجے میں اوور کے اختتام پر لاہور 11 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور کراچی کو 12 رنز کا ہدف دیا۔

برینڈن میکلم نے اس موقع پر گیند سنیل نارائن کو دی جو فیصلہ درست ثابت ہوگیا۔ آف اسپنر نے انتہائی شاندار اوور کروایا اور پہلی پانچ گیندوں پر صرف دو رنز ہی دیے۔

شاہد آفریدی نے اوور کی آخری گیند پر چھکا لگادیا تاہم لاہور میچ میں فاتح رہا۔

سپر اوور سے پہلے میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے لاہور کو 16 رنز درکار تھے۔ سہیل اختر نے اوور میں شاندار چھکا لگاکر میچ انتہائی دلچسپ کردیا۔

لاہور قلندرز کو آخری بال پر تین رنز درکار تھے۔ سہیل اختر نے لانگ آن پر شاٹ لگایا تاہم فیلڈر نے کیچ پکڑ لیا۔

بعدازاں امپائرز کی جانب سے نو بال کا اشارہ کیا گیا۔ اس طرح لاہور کو ایک گیند پر دو رنز کی ضرورت تھی تاہم آخری بال پر ایک ہی رن بن سکا اور میچ ٹائی ہوکر سپر اوور میں چلا گیا۔

اس سے قبل کراچی کے 164 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہور کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز اینٹن ڈیوچچ تھے جو محمد عرفان جونیئر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو 26 گیندوں پر 28 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر شکار بنے۔

سنیل نارائن ایک مرتبہ پھر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور محمد عرفان جونیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس سے قبل لینڈل سمنز اور بابر اعظم کی نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز اسکور کیے۔

کراچی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز جو ڈینلی تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر کپتان برینڈن میکلم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین لینڈل سیمنز تھے جو 39 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کولن انگرام نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 33 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 12 رنز کے انفرادی اسکور پر وہ سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اختتامی اوورز میں کراچی کنگز کو بڑے اوورز کی ضرورت تھی۔ ایسے میں بابر اعظم نے سہیل خان کی گیند پر اونچا شاٹ لگانے کی کوشش کی تاہم باؤنڈری پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے۔

شاہد آفریدی کریز پر آئے اور آتے ہی پہلی گیند پر شاہین آفریدی کو چھکا لگادیا تاہم اگلی کی گیند پر نوجوان فاسٹ بولر نے بدلہ لے لیا۔

لاہور کی جانب سے سہیل خان نے تین جبکہ یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار اننگز کھیلنے پر لاہور قلندرز کے آغا سلمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*