outline

انوکھا شیخ کھیلن کو مانگے چیئرمین شپ

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد خبروں میں اِن رہنے کا فن ہی نہیں جانتے اقتدار حاصل کرنے کے “گُر“ بھی جانتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اکلوتی نشست والے حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود ان کی وزارت سب سے مضبوط ہے اور اب انہوں نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کی خواہش کا اظہار بھی برسرعام کر دیا ہے

لاہور میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو خط لکھیں گے اور تحریک انصاف سے مطالبہ کریں گے کہ اپنے رکن کو خارج کر کے انہیں کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین بن کر نواز شریف اور شہباز شریف کا احتساب کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر ماڈل ٹاؤن، صاف پانی کمیشن، نندی پور، ملتان میٹرو، آشیانہ ہاؤسنگ کیس سمیت مقدمات ہیں انہیں از خود یہ عہدہ چھوڑ دینا چاہئے ہاں البتہ وہ کمیٹی کے عام رُکن رہ سکتے ہیں

شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہباز شریف کی چیئرمین شپ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے

ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو نہیں بٹھایاجاسکتا، جس کے خلاف 121 کیس ہوں اسے شرم نہیں آتی کہ وہ دوسروں کا احتساب کرے

اس سے قبل شیخ رشید احمد نے روہڑی اسٹیشن پر ایک نیا پلیٹ فارم بنانے کا اعلان کیا اور بتایا کہ نئی ٹرینوں کا افتتاح کرنے کے لیئے عمران خان سے وقت مانگا گیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*