تازہ ترین
outline

نوازالدین صدیقی پر بیوی کے فون ریکارڈ کی جاسوسی کا الزام

بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی ایک نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں اور انہیں پولیس نے تحقیقات کے لیے پیش ہونے کے لیے سمن جاری کردیا ہے۔

نوازالدین صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر نجی جاسوسوں سے اپنی اہلیہ کا فون ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ریاست مہاراشٹر اور ممبئی کے نواحی شہر تھانے کی کرائم برانچ پولیس اسٹیشن نے نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل رضوان صدیقی کو بدنام زمانہ ‘کال ڈیٹیل ریکارڈ‘ (سی ڈی آر) کیس کی جاری تحقیقات میں پیش ہوکر اپنا ریکارڈ بیان کرانے کے لیے سمن جاری کردیا۔

—فوٹو: دکن کیرونیکل

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار سمیت تینوں افراد کو سی ڈی آر کیس میں ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے اور 11 افراد کی گرفتاری کے بعد سمن جاری کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ اداکار، اس کی اہلیہ اور ان کے وکیل کو گرفتار افراد کی نشاندہی کے بعد ہی سمن جاری کیا گیا۔

نوازالدین صدیقی کو جاری کیے گئے سمن میں انہیں پولیس تھانے پہنچ کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کو کہا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نوازالدین صدیقی کو 9 مارچ کو تھانے پولیس کرائم برانچ آکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کو کہا گیا، تاہم اداکار بیان ریکارڈ کرانے نہیں پہنچے۔

ادھر ڈی این این انڈیا نے اسی خبر کے حوالے سے بتایا کہ اسی کیس میں پولیس نے ہندوستان کی پہلی خاتون جاسوس رجنی پنڈت کو بھی گرفتار کر رکھا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ وہ لوگوں کا فون ڈیٹا ریکارڈ کرکے اسے فروخت کرتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق گروہ ہائی پروفائیل اور اہم شخصیات کا فون ڈیٹا بھی ریکارڈ کرتے تھے اور اس ریکارڈنگ ڈیٹا کی ابتدائی قیمت 25 ہزار روپے سے شروع ہوتی تھی۔

رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ نجی جاسوسوں کا گروہ لوگوں کا فون ڈیٹا ریکارڈ کرنے کے بعد ان کے ہی رشتہ داروں، گھروالوں یا ان افراد میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو فروخت کرتا تھا۔

نجی جاسوسوں کا گروہ اس مقصد کے لیے پولیس کے ذرائع بھی استعمال کرتا تھا، کیوں کہ ان سے چند اہلکار بھی ملے ہوئے تھے۔

اس کیس کی سب سے پہلی گرفتاریاں رواں برس جنوری میں ہوئی تھیں، جس کے بعد مزید افراد کو گرفتار کرکے معاملے کی تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا تھا۔

تفتیش سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل کو اس لیے سمن جاری کیے گئے، کیوں کہ گرفتار افراد نے بتایا کہ اداکار نے بھی اپنی بیوی کا فون ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی۔

ابھی اس حوالے سے تصدیق ہونا باقی ہے کہ نوازالدین صدیقی نے اپنی اہلیہ کے فون ڈیٹا کی ریکارڈنگ مانگی تھی یا نہیں۔

خیال رہے کہ ان کی اہلیہ انجلی صدیقی سے ان کے 2 بچے بھی ہیں، ان کی شادی اداکار کے فلمی کیریئر کے آغاز میں ہوئی۔

نوازالدین صدیقی کی مشہور فلموں میں ’پیپلی لائیو، کہانی، پان سنگھ تومر، گینگ آف واسع پور، تلاش، لنچ باکس، کک، بدلاپور، بجرنگی بھائی جان، فریقی علی، حرامخور، موم، منا مائیکل اور بابوموشی بندوق باز شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*