تازہ ترین
outline

امریکہ میں سڑک پر تیرتی مچھلیوں کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل

مچھلیاں کسی سمندر،دریا ،ندی یا نالے کے بجائے سڑک پر تیرتی پھریں تو یہ بات صحافت کے مسلمہ اصولوں کے تناظر میں خبر بن جاتی ہے اور امریکہ میں بھی کچھ اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا

امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کی رپورٹ کے مطابق مچھلیوں کی افزائش نسل کی معلومات رکھنے والی ماہر الیکسز لیونارڈ نے واشنگٹن کے علاقے شیلٹن میں سیلابی صورتحال کا شکار ہائی وے پر درجن سے زائد تیرتی ہوئی مچھلیوں کو دیکھا اور ان کی ویڈیو بھی بنائی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے ہمراہ ایلز اسپرنگ ٹراؤٹ ہیچری جارہی تھیں جب انہوں نے ایک سالمن مچھلی کو سڑک پر تیرتے ہوئے دیکھا۔

الیکسز لیونارڈ نے کہا کہ ’ہم نے ایک مچھلی کو سڑک کی ایک جانب سے دوسری جانب دیکھا اور ان کی جان کی حفاظت کی خاطر گاڑی روک دی۔’

انہوں نے اپنی بہن کو دکھانے کے لیے ان مچھلیوں کی ویڈیو بھی بنائی جنہوں نے کبھی سڑک پر مچھلی کو تیرتے ہوئے نہیں دیکھا تھا۔

الیکسز لیونارڈ نے یہ ویڈیو فیس بک پر بھی پوسٹ کی جو تیزی سے وائرل ہوئی۔

سڑک پر مچھلیوں کا تیرنا واشنگٹن میں عام سی بات ہے، اس علاقے میں سالمن مچھلی اسکوکومش دریا سے انڈے دینے کے لیے چھوٹے ندی نالوں کا رخ کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب اس علاقے میں موسلا دھار بارش ہوتی ہے تو ندیاں سیلابی صورتحال کا شکار ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے مچھلیاں مختلف مقامات کا رخ کرتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان مچھلیوں کی قسمت اچھی ہو تو وہ سڑک کی دوسری جانب چلی جاتی ہیں ورنہ پھنس جاتی ہیں جبکہ اس دوران ان کی جانوں کو بھی شدید خطرہ ہوتا ہے۔

الیکسز لیونارڈ 2015 سے مچھلیوں کی افزائش گاہوں میں ملازمت کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کی آبادی موسلا دھار بارش اور مچھلیوں کے سڑک عبور کرنے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*