outline

سرفراز دھوکہ نہیں دے گا،پی سی بی نے بھی کہہ دیا ،ورلڈ کپ تک بطور کپتان برقرار رکھنے کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیاں اور افواہیں دم توڑ گئی ہیں کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے

پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو ساتھ بٹھا کر لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران یہ اعلان کیا -احسان مانی نے کہا کہ سرفراز احمد کی صلاحیتوں پر کسی قسم کا شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے وہ پہلے بھی ہمارے کپتان تھے اور رہیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہجب سرفراز 2017 میں کپتان بنے تو ہماری ٹیم ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں 9ویں نمبر پر موجود تھی اور ٹیم کی تنزلی کا خطرہ بھی موجود تھا جس کے نتیجے میں ہمیں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑتا لیکن یہ ٹیم کو اٹھا کر لائے جو آج پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ پانچویں رینکنگ بھی کم ہے لیکن امید ہے کہ آگے بہتر کارکردگی دکھائیں گے

اس اعلان کیساتھ ہی ان چہ مگوئیوں اور قیاس آرائیوں نے دم توڑ دیا ہے جو سرفراز حمد پر آئی سی سی کی جانب سے چار میچوں کی پابندی لگنے کے بعد شروع ہوئی تھیں

سرفراز احمد اس پابندی کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری دو ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز نہیں کھیل سکے اور ان کی جگہ شعیب ملک نے ٹیم کی قیادت کی جس پر ان قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوا کہ شاید کپتان تبدیل کیا جا رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*