تازہ ترین
outline

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوینٹی میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوینٹی سیریز میں بھی پاکستان کو چاروں شانے چت کر دیا ہے اور دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں کامیابی کے بعد جنوبی افریقہ کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 189 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا سکی

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابراعظم اور فخر زمان نے کیا لیکن 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 14 رنز بنا کر بیرن ہینڈرکس کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بابراعظم نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 34 گیندوں پر ففٹی اسکور کی جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی نویں ففٹی ہے۔

پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریزا ہینڈرکس اور جینیمن ملان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 58 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

ملان کو عماد وسیم نے 33 رنز پر آؤٹ کیا جب کہ ہینڈرکس 28 رنز بنا کر شاداب خان کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ وان ڈر ڈوسن 45 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا نے 17.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تاہم بارش تھمتے ہی میچ دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

ڈیوڈ ملر نے 29 گیندوں پر 65 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقا نے آخری 5 اووز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 73 رنز بٹورے جب کہ مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ عثمان شنواری اور حسن علی مہنگے بولر ثابت ہوئے، عثمان شنواری نے 4 اوورز میں 63 اور حسن علی نے 4 اوورز میں 48 رنز دیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*