outline

ابھی نندن بمقابلہ حسن صدیقی،حیرت انگیز مماثلت و مشابہت

بھارتی فوج کے طرف سے پاکستانی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد بدھ کی صبح فضائوں میں جو مڈبھیڑ ہوئی اس میں دو ناموں کی گونج سنائی دی ،پاکستان میں گرفتار بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن اور اس کے جہاز کو تباہ کرنے والے پاکستانی پائلٹ اسکوارڈن لیڈر حسن صدیقی-

ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی عوام کے ہیرو ہیں تو اسکوارڈن لیڈر حسن صدیقی پاکستانی عوام کی آنکھوں کا تارہ بن چکے ہیں لیکن ایک دوسرے سے مدمقابل ان ہوابازوں کی زندگی میں ایسی حیرت انگیز مماثلت اور مشابہت ہے جسے محض اتفاق ہی کہا جا سکتا ہے

افواج پاکستان کی طرف سے 2016 کے یوم دفاع کی تقریب میں ایک گانا پیش کیا گیا جس کا مقصد پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا -پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے بننے والے اس گانے کو گلوکار عمیر جسوال نے گایا

اس گانے کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور پہلے حصہ اسکوارڈن لیڈر حسن صدیقی پر فلمایا گیا ہے اس گانے کے مناظر کچھ یوں ہیں کہ دشمن کے جہازوں کے حملہ آور ہونے پر اسکوارڈن لیڈر حسن صدیقی دوڑ کر اپنے جہاز میں سوار ہوتے ہیں اور چند منٹ بعد ہی دشمن کے جنگی جہاز کو مار گراتے ہیں

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلمی سین کے عین مطابق 27 فروری 2019 کو حسن صدیقی نے بھارتی فوج کا مگ ٢١ طیارہ مارگرایا -گلوکار عمیر جسوال نے بھی اس گانے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اس موقع پر وہ گانا دوبارہ پوسٹ کیا اور واضح کیا کہ ان کا مقصد جنگ کو پروان چڑھانا نہیں بلکہ مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا

اب آتے ہیں بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی طرف-2017 میں ایک تامل فلم ریلیز ہوئی جس کا نام ہے“ Kaatru Veliyidai “-اس فلم کی مرکزی کہانی ایک بھارتی پائلٹ کے گرد گھومتی ہے جس کا طیارہ پاکستان کی حدود میں تباہ ہوجاتا ہے اور اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے

بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کا اس فلم سے بہت گہرا تعلق ہے-پہلے اطلاعات موصول ہوئیں کہ ابھی نندن کےوالد ایئر چیف مارشل ریٹائرڈ ایس ورتمن اس پراجیکٹ کے معاون اور مشیر تھے مگر اب معلوم ہواہے کہ خود ابھی نندن نے اس فلم کی شوٹنگ میں اہم کردار ادا کیا

بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن نے تامل فلم کے ہدایت کار منی رتنم کی معاونت کی اور نہ صرف تکنیکی نوعیت کی معلومات فراہم کیں بلکہ فلم میں پائلٹ کا کردار ادا کرنے والے ہیرو کی ٹریننگ بھی کی -اس واقعہ کے بعد ان کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں آفیسرز میس میں کھانا کھاتے ہوئے فلم بنانے کےلیئے معلومات فراہم کر رہے ہیں

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کی کہانی کے عین مطابق بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا جنگی جہاز پاکستان کی حدود میں تباہ ہوگیا اور وہ گرفتار ہوگئے -ابھی نندنن اور حسن صدیقی کی یہ کہانی جان کر یوں لگتا ہے جیسے 27 فروری 2019 کا واقعہ بھی کسی فلم کا سین ہو اور اس سے پہلے دونوں نے اس کی فل ڈریس ریہرسل کی ہو

اپنا تبصرہ بھیجیں

آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

*